ڈاکٹر سارنگ کی جان لینے والے ملزمان کا سراغ نہ مل سکا؛ بھائی کی بدین سے آمد پر مقدمہ درج کیا جائے گا

کراچی : ڈاکٹر سارنگ کو قتل کرنے والے سفاک ملزمان کا تاحال پتہ نہ لگ سکا، پولیس حکام کا کہنا ہے مقتول کے بھائی کی جانب سے مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے داؤد پوتہ روڈ پر مسلح ملزمان نے بیٹی اور اہلیہ کے سامنے ڈاکٹر کو رکشے سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا، تاہم واقعے کو کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود ملوث کار سوار ملزمان کا تاحال پتہ نہ چل سکا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول ڈاکٹر سارنگ کینٹ اسٹیشن کے قریب اپنے عزیز کے گھر سے نکلے تھے اور اپنی اہلیہ کے ہمراہ رکشے میں سوار ہو کر گھر جا رہے تھے۔

کار میں سوار مسلح ملزمان نے رکشے کو روکا، ڈاکٹر سارنگ کو زبردستی نیچے اتارا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقتول ڈاکٹر سارنگ دین محمد وفائی روڈ کے رہائشی تھے تاہم کیس میں رات سے اب تک کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ ملزمان کس گاڑی میں سوار تھے اور ان کی تعداد کتنی تھی؟ اس حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں لیکن کوئی ٹھوس سراغ نہیں ملا۔

جائے وقوعہ کے گرد و نواح سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی آج بدین سے کراچی پہنچیں گے، جن کی آمد کے بعد ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے مقدمہ درج کیا جائے گا۔

واقعے کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، مقتول کے اہلخانہ کے بیانات اور شواہد کی روشنی میں ملزمان تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*