
کراچی: (کرائم رپورٹر)
پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقے رشید آباد سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث “ہزارہ گینگ” کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں زوہیب شاہ عرف بابو (گینگ کا سرغنہ)، شہریار عرف موٹا اور عطا الرحمان عرف مسیت شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے تین موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ تین سال سے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرگرم تھے اور ماہانہ 3 سے 4 موٹرسائیکلیں چوری کرنے کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر 4 سے 6 موبائل فونز اور 40 سے 50 ہزار روپے نقدی چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ملزمان نے مزید بتایا کہ وہ چھینی گئی موٹرسائیکلیں اور موبائل فونز کم قیمت پر فروخت کر دیتے تھے۔رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ تینوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
