پاکستان نے یو اے ای کو 2 ارب ڈالر قرض واپس کر دیا؛ بقیہ ایک ارب ڈالر کی ادائیگی اگلے ہفتے ہوگی

اسلام آباد : پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی کردی، بقیہ رقم کی ادائیگی اگلے ہفتے کی جائے گی۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان نے یو اے ای کو 2 ارب ڈالرز واپس کردیے ہیں، یو اے ای کو باقی ماندہ 1ارب ڈالرز آئندہ ہفتے ادا کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے یہ قرض زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کیلئے حاصل کیا تھا، تاہم پاکستان نے یو اے ای کے 2 ارب ڈالر اپنی سہولت سے واپس کیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین معاشی تعاون جاری رہے گا۔

،ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے یو اے ای کو 45 کروڑ ڈالرز کا 30 سالہ پرانا قرضہ واپس کردیا ہے تاہم سعودی عرب کے3 ارب ڈالرز اضافی مالی سہولت سےخلا پر ہوجائے گا، پاکستان کے لیے سعودی عرب کے ڈپازٹ کاحجم بڑھ کر 8 ارب ڈالرز ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق ڈپازٹ کےعلاوہ پاکستان کو مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی ملنے کا امکان ہے جبکہ تیل کی موجودہ ایک ارب ڈالرز کی سعودی سہولت ختم ہونے کے قریب ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں موجودہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے رقم کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا تھا جس پر پاکستان نے قرض واپسی کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب گزشتہ دنوں پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالرز فنڈز کی مد میں موصول ہوئے اور سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز ڈپازٹ کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*