
کراچی : 22 ویلر واٹر ٹینکر نے 15 سالہ موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا ، حادثے کے بعد ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کے علاقے لانڈھی میں ہیوی ٹریفک کی بے لگام رفتاری نے ایک اور انسانی جان لے لی۔ 22 ویلر واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار 15 سالہ نوجوان کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس اور عینی شاہدین نے بتایا کہ 15 سالہ حمدان گھر کے کام کاج کے لیے موٹر سائیکل پر نکلا تھا کہ ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آ گیا، ٹکر اتنی شدید تھی کہ نوجوان جانبر نہ ہو سکا اور جائے وقوعہ پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
مقتول حمدان کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ مدرسے میں زیرِ تعلیم تھا اور ایک ہونہار طالب علم تھا، وہ معمولی کام سے باہر نکلا تھا لیکن ہیوی ٹریفک کی لاپرواہی نے اس کی زندگی چھین لی۔
فرار: حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے 22 ویلر ٹینکر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا نوجوان "انڈر ایج” (کم عمر) تھا اور بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلا رہا تھا تاہم، حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
