کراچی میں انفرااسٹرکچر کے تحفظ کے لیے ویجی لینس اسکواڈ فعال، غیرقانونی کھدائی پر کریک ڈاؤن

شہر میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

کراچی: (اسٹاف رپورٹر)
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کے تحفظ اور غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کے ایم سی ویجی لینس اسکواڈ کا قیام ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی بھی شخص غیرقانونی طور پر سڑکوں کی کھدائی نہ کرے اور سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں ویجی لینس اسکواڈ میں 20 الیکٹرک بائیکس کی تقسیم کی گئی اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ یہ اسکواڈ منشیات کے عادی افراد کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس، تاروں اور دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی روک تھام بھی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سٹی وارڈنز کو غیر متعلقہ ڈیوٹیوں پر تعینات کیا جاتا رہا جس سے وسائل کا ضیاع ہوا، جبکہ موجودہ حالات میں تیل کی بڑھتی قیمتوں نے اداروں پر مالی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بائیکس کے استعمال سے نہ صرف کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ فیول کی بچت بھی ممکن ہوگی، جبکہ مختلف مقامات پر چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ یہ اقدام بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کیا جا رہا ہے، جس کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کو خود کفیل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی تیزی سے گرین انرجی کی جانب بڑھ رہی ہے اور جمشید نسروانجی مہتا بلڈنگ کو سولر توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ اسپتالوں اور پمپنگ اسٹیشنز کو بھی مرحلہ وار سولرائز کیا جا رہا ہے۔میئر کراچی نے واضح کیا کہ یہ بائیکس کسی پروٹوکول کے لیے نہیں بلکہ شہر کی ملکیت ہیں اور عملہ انہیں مختلف علاقوں میں گشت کے لیے استعمال کرے گا۔ مستقبل میں مزید گاڑیوں کو بھی مرحلہ وار الیکٹرک وہیکلز پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن اور بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہری مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے اولڈ سٹی ایریا کا دورہ کرنے کا بھی ذکر کیا اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیاں نمایاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے غیرقانونی بینرز اور پوسٹرز پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو گمراہ کن مہمات سے نقصان پہنچ رہا ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، حتیٰ کہ ملوث عناصر کے کاروبار سیل کیے جا سکتے ہیں۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جن میں جھیل پارک کی بحالی، تاریخی اسپنسر آئی اسپتال کی فعالیت اور مفت آنکھوں کے آپریشن کی سہولیات شامل ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی دباؤ میں آئے بغیر شہر کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*