پاکستان کے لیے بڑی معاشی خوشخبری: سعودی عرب کا 3 ارب ڈالر کے نئے ڈپازٹس اور 5 ارب ڈالر کے پرانے ذخائر کی مدت میں توسیع کا اعلان

اسلام آباد : سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ میں توسیع کا اعلان کردیا، یہ رقم آئندہ ہفتے تک پاکستان کو منتقل ہونے کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا بریفنگ کے دوران ملک کے لیے ایک بڑی معاشی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ برادر ملک سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ رقم آئندہ ہفتے تک پاکستان کو منتقل ہونے کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مالی مدد کے حوالے سے اہم تفصیلات بتاتے ہوئے کہا 3 ارب ڈالر کے نئے ڈپازٹس پاکستان کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی مدت میں بھی توسیع کا اعلان کیا ہے، اب یہ رقم سالانہ رول اوور کے بجائے طویل مدت تک پاکستان کے پاس رہے گی۔

وزیر خزانہ نے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ہونے والی ملاقات کو انتہائی سود مند قرار دیتے ہوئے کڑے وقت میں سعودی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معاشی سمت کے حوالے سے واضح کیا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو 18 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس اگلے ہفتہ پاکستان کومل جائیں گے، بانڈز کی صورت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو کی جانے والی تمام ادائیگیاں وقت پر کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور ملکی کردار کو اب عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے اس اہم سفارتی اور معاشی کامیابی کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے تعاون کو بھی سراہا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*