
مکہ مکرمہ : حج 2026 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے 80 رکنی پاکستانی ایڈوانس ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق حج 2026 کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے پاکستان کی جانب سے تیاریاں عروج پر ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے بھیجی گئی 80 رکنی ایڈوانس ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی ہے، جو عازمینِ حج کی آمد سے قبل تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔
اس ایڈوانس ٹیم میں خدام الحجاج اور حج میڈیکل مشن کے اراکین شامل ہیں۔
ٹیم مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات پر عازمین کی رہائش اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو ترتیب دے گی۔
اس کے علاوہ پاکستانی عازمین کے لیے خصوصی میڈیکل اسٹاف، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملہ تعینات کیا گیا ہے جو مکہ اور مدینہ میں چوبیس گھنٹے طبی خدمات فراہم کرے گا۔
مکہ، مدینہ اور مناسکِ حج کے دوران عازمین کی نقل و حرکت کے لیے ٹرانسپورٹ پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سعودی حکام سے مسلسل رابطہ برقرار ہے تاکہ انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیرِ مذہبی امور نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سال عازمین کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
