
قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کرایوں میں فیول سرچارج وصول کرنا شروع کردیا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جنگی صورت حال کے باعث جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد پی آئی اے نے بھی کرایوں میں فیول سرچارج وصول کرنا شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل پروازوں پر فی ٹکٹ 100 ڈالر فیول سرچارج کی مد میں وصول کیا جارہا ہے۔
اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں 10 ڈالر اضافی فیول سرچارج وصول کیا جارہا ہے، پی آئی اے نے انٹرنیشنل ایئر کارگو سرچارجز بھی فی کلو 80 روپے بڑھادیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک پروازوں پر بھی کارگو کی مد میں اضافی رقم وصول کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں پی آئی اے کی دمام سے اسلام آباد آنے والی پرواز 24 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی، پی کے 246 کو آج صبح 7 بجکر 20 منٹ پر اسلام آباد پہنچنا تھا، ایئر اسپیس کلیئر نہ ہونے کے باعث 342 مسافروں کو جہاز میں انتظار کروایا گیا اور دو گھنٹے کے بعد ٹرمینل بلڈنگ منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر اسپیس کلیئرنس پر فضائی عملے کے ڈیوٹی اوقات ختم ہونے کے باعث پرواز روانہ نہ ہوسکی، قوانین کے مطابق عملے کو اضافی ڈیوٹی نہ کرائے جانے کے باعث پرواز منسوخ کردی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پرواز کل پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے روانہ ہوگی۔
