
کراچی : سندھ میں لاک ڈاؤن کی بازگشت پر انجمن تاجران سندھ نے سندھ حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ملک مزید لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ کی جانب سے ایندھن اور توانائی کی بچت کے لیے لاک ڈاؤن کے ممکنہ فیصلے پر صوبے بھر کے تاجروں اور کاروباری طبقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
انجمن تاجران سندھ نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
صدر انجمن تاجران سندھ جاوید شمس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے تاجروں کو اعتماد میں لے اور مل کر حکمت عملی وضع کرے۔ ہم ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں مگر مشاورت کے بغیر فیصلے قبول کرنا مشکل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت شدید معاشی چیلنجز کا شکار ہے اور عوام کا گزر بسر پہلے ہی انتہائی مشکل ہو چکا ہے، ایسے میں ملک مزید لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
جاوید شمس نے کہا لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل حکومت کو غریب طبقے اور روزانہ کی بنیاد پر کمانے والوں کی مشکلات کا حل پیش کرنا چاہیے۔
صدر انجمن تاجران سندھ نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج تاجروں کی مشاورت سے بہت بہتر رہے تھے۔
انہوں نے تجویز دی کہ مکمل بندش کے بجائے ایسے طریقے اپنائے جائیں جس سے توانائی کی بچت بھی ہو اور کاروبار کا پہیہ بھی چلتا رہے۔
