کراچی پانی کی بوند بوند کو ترس گیا، واٹر مافیا کی اجارہ داری اور انتظامیہ کی ناکامی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی

کراچی (رپورٹ عرفان فاروقی) پانی جہاں انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت اور بقا کی علامت سمجھا جاتا ہے، وہیں شہر قائد میں یہی پانی ایک نئے بحران اور تنازع کا سبب بنتا جا رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی، پرانے انفراسٹرکچر اور انتظامی ناکامیوں کے باعث کراچی میں پانی کی فراہمی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے، جس نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت معمول بن چکی ہے، جبکہ کئی مقامات پر شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ اس سنگین صورتحال کی ایک بڑی وجہ Karachi Water and Sewerage Corporation کی ناقص کارکردگی اور مؤثر حکمت عملی کا فقدان ہے۔ پانی کی ترسیل کے نظام میں لیکیجز، غیرقانونی کنکشنز اور پانی چوری جیسے مسائل نہ صرف وسائل کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں بلکہ شہریوں میں بے چینی کو بھی جنم دے رہے ہیں۔

کراچی شہر میں منظم واٹر مافیا بھی سرگرم ہے جو سرکاری حکام کی آشیرواد کے باعث سرکاری نظام کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مہنگے داموں پانی فروخت کر رہا ہے۔ ٹینکر مافیا کی اجارہ داری نے عام شہری کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے، جہاں صاف پانی کا حصول ایک مہنگا سودا بن چکا ہے۔

اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو پانی کا بحران ایک بڑے سماجی تصادم میں تبدیل ہو سکتا ہے اس لئے پانی کی منصفانہ تقسیم، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔

ایم ڈی واٹر کارپوریشن کو چاہیئے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا مستقل حل نکالے، تاکہ پانی جو زندگی کی علامت ہے، کسی بھی صورت میں تنازع اور جنگ کی شکل اختیار نہ کرے۔

اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو خدشہ ہے کہ کراچی میں پانی کا بحران نہ صرف شہری زندگی کو مزید مفلوج کرے گا بلکہ یہ مسئلہ امن و امان کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*