وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا بڑا فیصلہ: "سکھر اور روہڑی کے درمیان دریائے سندھ پر نیا پل تعمیر کریں گے تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم ہو سکے”

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دریائے سندھ پر نئے سکھر-روہڑی پل کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ اور پی پی پی پالیسی بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دریائے سندھ پر نئے سکھر-روہڑی پل سمیت کئی بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اصلاحات کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ نیا پل سکھر اور روہڑی کے درمیان ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ روہڑی، صالح پٹ اور پنو عاقل کے تقریباً 70 فیصد شہری روزگار اور تعلیم کے لیے سکھر کا رخ کرتے ہیں۔

موجودہ لینس ڈاؤن پل پر روزانہ 30 ہزار سے زائد گاڑیوں کی آمد و رفت ہوتی ہے جبکہ سکھر بیراج مرمت کے باعث 2027 تک عوامی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔

منصوبے کی تفصیلات کے مطابق نیا پل 1.5 کلومیٹر طویل اور ملٹی لین ہوگا، جس میں بھاری ٹریفک اور پیدل افراد کے لیے الگ راستے ہوں گے۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت محکمہ بلدیات مکمل کرے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے کا 88 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسے اپریل 2026 تک مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ سموں گوٹھ پر سولر اسٹریٹ لائٹس لگانے اور کاٹھوڑ انٹرچینج کی فزیبلٹی اسٹڈی کے کنٹریکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اصلاحات سے سندھ میں پی پی پی فریم ورک کو مزید شفاف اور قابلِ عمل بنایا جائے گا، انفراسٹرکچر منصوبوں میں غیر معمولی بولیوں کے تعین کے لیے نئے قواعد (2026) منظور کیے گئے۔

انفراسٹرکچر منصوبوں میں غیر معمولی بولیوں (15 فیصد سے زائد یا کم) کو مسترد کرنے کے نئے قواعد (2026) کو منظور کرلیا گیا ہے، نجی شعبے کے لیے ‘رائٹ آف فرسٹ ریفیوزل’ (ROFR) میکانزم متعارف کرایا گیا، جس کے تحت ابتدائی بولی دہندہ کو برابر کی پیشکش کا اختیار ہوگا۔اخراجات کی واپسی کی حد 10 کروڑ روپے مقرر کی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان اقدامات کا مقصد سندھ میں پائیدار ترقی اور نجی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*