
کراچی : غیر ملکی چیئرمین کے استعفے کے بعد شہریار چشتی کو کے الیکٹرک کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ‘کے الیکٹرک’ کی قیادت میں بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی چیئرمین کے استعفے کے بعد شہریار ارشد چشتی کو ادارے کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے حالیہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
شہریار چشتی کو مستقل چیئرمین کے انتخاب تک فوری طور پر قائم مقام چیئرمین کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، وہ 2 اپریل کو ہونے والے نئے بورڈ کے انتخاب تک چیئرمین کے فرائض انجام دیں گے، جس کے بعد مستقل قیادت کا فیصلہ ہوگا۔
اس سے قبل بورڈ نے شہریار ارشد چشتی کو متبادل ڈائریکٹر (Alternate Director) کے طور پر بھی مقرر کیا تھا۔
ادارے میں یہ تبدیلیاں اس وقت سامنے آئی ہیں جب دو اہم شخصیات نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے، کے الیکٹرک کے غیر ملکی چیئرمین مارک جیرارڈ نے اپنے عہدے سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
اس سے قبل کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) مونس علوی بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 اپریل کو ہونے والا بورڈ کا اجلاس کے الیکٹرک کی مستقبل کی حکمتِ عملی اور مستقل انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، جہاں نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا۔
