وفاقی وزیر اور صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی نے آئین کے آرٹیکل 140A کا حصہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ زرداری مافیا کا بلدیاتی بل آئین کی روح کے بالکل برعکس ہے، یہ ہر چیز پر قابض ہونا چاہتے ہیں۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ اس مافیا نے 14 سال سے سندھ میں لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی کو زرداری مافیا نے دھوکا دیا ہے، یہی وعدے وزیر اعلیٰ نے ٹرانسفارمیشن پلان کی میٹنگز میں کیے تھے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ جب سندھ حکومت سے سوال کیا گیا کہ وعدہ کب پورا کریں گے تو وزیراعلیٰ نے تاریخ دینے سے انکار اور بدتمیزی کی، جب وعدہ پورا نہیں کیا تو میں سی ایم ہاؤس میں میٹنگ سے واک آؤٹ کر گیا تھا، اب انہوں نے اپنے وعدے پر عمل کرنے کی بجائے کالا قانون متعارف کرادیا ہے۔
علی زیدی نے کہاکہ سندھ کے لوگ جانتے ہیں کہ زرداری مافیا نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا، اب ان کا وقت پورا ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وفاق انہیں پولیس کو اپنی ذاتی ملیشیا کے طور پر استعمال نہیں کرنے دے گا، ہم 27 فروری کو ہر صورت گھوٹکی سے کراچی مارچ کریں گے۔