
صادق آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصولی کے دوران عمارت کی چھت گرنے سے 5 خواتین جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے نواحی علاقے چک 125 کے قریب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصولی کےدوران عمارت کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 5 خواتین جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینکڑوں خواتین رقم کے حصول کے لیے سینٹر پر موجود تھیں۔ اچانک عمارت کی چھت گرنے سے درجنوں خواتین ملبے تلے دب گئیں۔
حادثے میں اب تک 5 خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے اور ملبے سے 30 سے زائد زخمیوں کو نکال کر فوری طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور تمام ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کو فوری ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح ملبے تلے دبے افراد کو نکالنا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
