
کراچی(13 مارچ 2026): شہرِ قائد میں چند منٹوں کے وقفے سے پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں 2 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ لانڈھی کے رہائشی 6 دوست دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے فیضانِ مدینہ جا رہے تھے۔ دونوں موٹر سائیکلوں پر 3، 3 دوست سوار تھے کہ اسٹیڈیم پل پر یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
اس حادثے میں 2 دوست جاں بحق، ایک زخمی ہوا جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار 3 دوست محفوظ رہے، پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مفرور ڈرائیوروں کی تلاش جاری ہے۔
دوسرا حادثہ ماڑی پور میں دعا ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار بس نے سڑک کنارے کھڑے لوگوں کو کچل دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
