
کراچی : شہر میں ’’یوم القدس ریلی‘‘ کے پیش نظر شہر میں شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آج یوم القدس عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
کراچی میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بعد نمازِ جمعہ مرکزی ریلی نمائش چورنگی سے ایم اے جناح روڈ پر تبت سینٹر/اماں ٹاور تک نکالی جائے گی۔
اس موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس نے جامع روٹ پلان جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو ایم اے جناح روڈ کے بجائے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ریلی کے باعث ایم اے جناح روڈ کے مختلف حصوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہے گی، جس کے لیے درج ذیل متبادل راستے ترتیب دیے گئے ہیں:
گرومندر اور سولجر بازار کی جانب موڑ دیے جائیں گے، جہاں سے وہ بہادر یار جنگ روڈ اور ہولی فیملی اسپتال کا راستہ اختیار کر سکیں گے جبکہ لسبیلہ سے دائیں جانب مڑ کر نشتر روڈ، رنچھوڑ لائن اور سول اسپتال کا راستہ اختیار کر کے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔
بنوری سگنل سے آنے والے شہری پی پی چورنگی اور کوریڈور 3 کا راستہ استعمال کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ تبت چوک سے ٹریفک کو دائیں جانب ریگل چوک اور ایمپریس مارکیٹ کی طرف، جبکہ بائیں جانب جوبلی اور آغا خان انکل سریا اسپتال کی جانب بھیجا جائے گا۔
داؤد پوتہ روڈ اور لکی اسٹار سے نمائش جانے والے شہری پریڈی چوک سے دائیں جانب مڑ سکیں گے یا صدر دواخانہ سے پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کریں گے جبکہ شہریوں کو آغا خان سوئم روڈ سے کوسٹ گارڈ اور وہاں سے سولجر بازار یا زیب النساء اسٹریٹ (موبائل مارکیٹ) کی جانب بھیجا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ متبادل راستوں پر اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے وقت سے پہلے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔
