
لکی مروت(13 مارچ 2026): خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے ٹرائبل سب ڈویژن میں پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی (ریموٹ کنٹرول) دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار 6 اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
شہید ہونے والوں میں علاقے کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمی اہلکار کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ واقعے میں ملوث شرپسندوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کی ہے، جام شہادت نوش کرنے والے ایس ایچ او سمیت چھ اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ کے پی پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنا آج قوم کے پر امن کل پر قربان کیا، پولیس کے افسران، جوانوں نے دہشت گردی کیخلاف لازوال قربانیاں دیں، شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
