
کراچی ایکسپو سینٹر میں ‘گل پلازہ’ کا سب سے بڑا بازار سج گیا اور دکانداروں نے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں اپنا سب کچھ کھو دینے والے دکانداروں کے لیے امید کی نئی کرن پیدا ہو گئی ہے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں گل پلازہ کے متاثرہ دکانداروں کے لیے ایک بڑا عارضی بازار قائم کر دیا گیا ہے جہاں آج سے باقاعدہ تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر کے 3 بڑے ہالز کو دکانداروں کے لیے مختص کیا گیا ہے جہاں تقریباً 500 اسٹالز لگائے جائیں گے۔
کئی دکانداروں نے پہلے ہی اپنے اسٹالز اور سیٹ اپ تیار کر لیے ہیں تاکہ گاہکوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو سکے، ہر دکاندار سے فی اسٹال 25 ہزار روپے وصول کیے گئے ہیں تاکہ انتظامی اخراجات کو پورا کیا جا سکے۔
اس سے قبل دکانداروں کو پولو گراؤنڈ میں عارضی جگہ دی گئی تھی، تاہم کھلی جگہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کو شدید تحفظات تھے اور بہت سے دکانداروں نے وہاں کاروبار شروع نہیں کیا تھا۔
ایکسپو سینٹر میں مضبوط چھت اور بہتر سہولیات ہونے کی وجہ سے دکاندار پرامید ہیں کہ وہ یہاں اپنا کام بہتر طریقے سے چلا سکیں گے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ سے ایک ہزار سے زائد دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھیں، جس سے اربوں روپے کا ریٹیل اور اسٹاک شدہ مال جل کر راکھ ہو گیا تھا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ ان عارضی اسٹالز کے ذریعے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ متبادل جگہ سندھ حکومت اور چیمبر آف کامرس کے باہمی تعاون سے فراہم کی گئی ہے تاکہ شہر کی معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور متاثرہ خاندانوں کو روزگار کا وسیلہ مل سکے۔
