
اسلام آباد(27 فروری 2026): پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان امن کا حامی ہے لیکن خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن خواہ ملک ہے، تاہم ہماری خودمختاری کو چیلنج کرنے والوں نے ہمیشہ غلط اندازہ لگایا جس کا پاک فضائیہ نے ہر بار منہ توڑ جواب دیا ہے۔
ایئر چیف نے کہا کہ دشمن نے سات سال قبل تاریکی میں پاکستان کی سلامتی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جس کا پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں بھرپور جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
انہوں نے "معرکہ حق” کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فضائیہ نے پہلی بار مکمل ملٹی ڈومین آپریشنز کامیابی سے انجام دیے، جس کے دوران دشمن کے رافیل، سخوئی 30، میراج 2000 اور مگ 29 جیسے جدید طیاروں کو گرایا گیا اور دشمن کی حدود میں دور تک موجود بیسز اور زمینی اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایئر چیف نے انکشاف کیا کہ اس آپریشن میں دشمن کے جدید ترین ایس-400 (S-400) فضائی دفاعی نظام اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو بھی مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی دباؤ کے باوجود پاک فضائیہ جدت کی جانب گامزن ہے، جس میں بغیر پائلٹ سسٹمز، الیکٹرانک وارفیئر، اسپیس اور سائبر اثاثوں کا حصول شامل ہے۔ مقامی سطح پر تیار کردہ ‘ملٹی ڈومین کِل چین’ کا قیام فضائیہ کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
