
کراچی : ایف آئی اے نے جعلی ٹریول ایجنسی کو بے نقاب کردیا اور کارروائی کے دوران 8 پاکستانی پاسپورٹس، 2 چیک بکس اور 3 مہریں برآمد کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق نے وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گلشن اقبال میں ایک ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 8 پاکستانی پاسپورٹس، 2 چیک بکس اور 3 مہریں برآمد کی گئیں، جبکہ مختلف ممالک کے متعدد ورک ایگریمنٹس اور دیگر دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اینڈریو رابرٹ کاروبار سے متعلق کوئی لائسنس پیش نہ کر سکا۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک روزگار دلانے کے نام پر بھاری رقوم بٹورتے تھے اور غیرقانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ٹریول ایجنسی کا مالک متحدہ عرب امارات میں بھی اسی نوعیت کا کاروبار کر رہا ہے۔
کارروائی کے دوران مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
