
کراچی (9 فروری 2026) پاکستان بزنس فورم میں دودھ کی ریٹیل قیمت پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا ہے۔
پاکستان بزنس فورم نے ملک میں فروخت ہونے والے ٹیٹرا پیک دودھ کی ریٹیل قیمتوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے حکومت سے دودھ بنانے والی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف) کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیری مصنوعات روزمرہ کی ضرورت ہے، مگر قیمتوں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔
پی بی ایف نے کہا کہ دودھ کی خریداری لاگت لاجسٹکس سمیت 180 روپے فی لیٹر ہے، لیکن ریٹیل مارکیٹ میں ٹیٹرا پیک دودھ 360 سے 380 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے جب کہ جی ایس ٹی ختم ہونے پر بھی دودھ کی قیمت 305 سے 315 روپے فی لیٹر بنتی ہے۔
پی بی ایف نے پاکستان میں ٹیٹرا پیک دودھ کی قیمت کو خطے میں سب سے زیادہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت اور بنگلہ دیش میں ٹیٹرا پیک دودھ 250 سے 270 روپے فی لیٹر ہے۔
فورم نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیری کمپنیوں کی 2025 میں آمدن 60 سے 100 ارب روپے رہی ہے۔ دوسری جانب قیمت بہت زیادہ ہونے سے دودھ جیسی بنیادی ضرورت عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔
پاکستان بزنس فورم نے حکومت سے ڈیری مصنوعات پر جی ایس ٹی 7 فیصد تک محدود کرنے اور دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 50 روپے کمی کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
