
لاہور: آن لائن جوئے کی پروموشن کے مقدمے میں یوٹیوبر ڈکی بھائی اور انکی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیوبر ڈکی بھائی، انکی اہلیہ سمیت دیگر کے خلاف آن لائن جوئے کی پروموشن کیس کی سماعت ہوئی۔
جوڈیشل۔ مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر یوٹیوبر ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ملزمان پر پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے استغاثہ کےگواہان کو طلب کر لیا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23فروری تک ملتوی کر دی، ملزمان پر آن لائن جوئے کی ایپس کی پروموشن کا مقدمہ درج ہے۔
اس سے قبل ڈکی بھائی نے بیان حلفی میں کہا ہے کہ یوٹیوب چینل حوالے کیا جائے، 17 ویڈیوز پر این سی سی آئی اے نے اعتراض لگایا تھا، ان 17 ویڈیوز کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق بیان حلفی میں مزید کہا گیا کہ ان 17 ویڈیوز کو نہ حذف کیا جائے گا اور نہ ترمیم کی جائے گی جب کہ یہ یوٹیوب چینل ہی میرا واحد ذریعہ معاش ہے، یوٹیوب چینل کی مین ایکسس نہ ہونے کے باعث مالی مشکلات سے دوچار ہوں۔ عدالت نے این سی سی آئی اے سے معاملہ پر جواب طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے معروف یوٹیوبر کو 17 اگست کو جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔
10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیوبر کی درخواست ضمانت منظور کی تھی اور انہیں 26 نومبر کو ضمانت پر رہائی نصیب ہوئی تھی۔
