
بیجنگ: چین نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے 100 فیصد ٹیرف واپس نہ لینے پر جوابی اقدامات کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق چین نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی واپس نہ لی تو بیجنگ جوابی اقدامات کرے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے سی این این نے بتایا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے حال ہی میں چین سے درآمدات پر نئے اور بلند ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کے جواب میں چین نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔
چینی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے کہا کہ “چین کے ساتھ بات چیت کے لیے بلند ٹیرف کی دھمکیاں دینا درست طریقہ نہیں، اگر امریکا یکطرفہ اقدامات پر قائم رہا تو چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے جوابی کارروائی کرے گا۔”
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اس سے خوفزدہ بھی نہیں ہیں۔
سی این این کے مطابق چین نے گزشتہ ہفتے نایاب معدنیات کی برآمدات پر نئی پابندیاں عائد کی تھیں، جس سے امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی مزید گہری ہوگئی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری تناؤ کے باعث تجارتی مذاکرات میں مہینوں کی پیش رفت خطرے میں پڑ گئی ہے۔