
اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے صحافی طفیل رند اور اینکر پرسن امتیاز میر کے قتل کے خلاف 11اکتوبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے صحافی طفیل رند اور اینکر پرسن امتیاز میر کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) 11 اکتوبر کو ملک گیر احتجاج کرے گی۔
اس سلسلے میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (HUJ) نے آج سہ پہر ساڑھے 3 بجے بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جنرل سیکریٹری جام فرید لاکهو نے کہا ہے کہ احتجاج میں صحافی برادری بڑی تعداد میں شریک ہوگی، تمام یونٹس کو احتجاج میں بھرپور شرکت کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
سیکریٹری ایچ یوجے کے مطابق شہید صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔
گذشتہ روز گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں برادری کے دیرینہ تنازعے پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کرکے مقامی صحافی طفیل احمد رند کو قتل کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق صحافی جو ایک سندھی روزنامہ اخبار سے وابسطہ ہیں، واقعہ اس وقت پیش آیا جب صحافی اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے، فائرنگ کے نتیجے میں طفیل احمد موقع پر ہی دم توڑ گئے، تاہم ان کے بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
