
عمران خان نے ہمیشہ فلسطین، کشمیر اور عالمی فورمز پر امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا ہے، ترجمان پی ٹی آئی کراچی
جو رہنما عوامی مینڈیٹ حاصل نہ کرسکا وہ الزام تراشی کے ذریعے سیاست زندہ رکھنا چاہتا ہے، فوزیہ صدیقی
نعیم الرحمان بتائیں اربوں روپے کے بلدیاتی بجٹ ان کے ٹاؤن چیئرمین کہاں خرچ کر رہے ہیں؟ فوزیہ صدیقی
کراچی (پریس ریلیز، 6 اکتوبر 2025)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فوزیہ صدیقی نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کے عمران خان سے متعلق بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے عمران خان پر بے بنیاد الزام تراشی کرکے اپنا بونا سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش کی ہے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عمران خان وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے فلسطین، کشمیر سمیت پوری امتِ مسلمہ کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑا اور اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ سے قرارداد منظور کرائی۔ حافظ نعیم الرحمٰن کا بیان سیاسی نہیں بلکہ کٹ پتلیوں کا بیان ہے انہیں بھی چابی والے کھلونے کی طرح عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن عمران خان پر فلسطین اور اسرائیل کے معاملے پر تنقید کے تیر چلا رہے ہیں، جیسے وہ خود فلسطین کے سب سے بڑے فاتح ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کی، اقوام متحدہ میں ان کے حق میں آواز بلند کی، جیل سے بھی ان کے لیے بیانات دیئے اور عالمی سطح پر انصاف و امن کا پیغام دیا۔
فوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ جب غزہ پر اسرائیلی بم برس رہے تھے تو اسی دوران حافظ نعیم الرحمٰن میئر کی کرسی کے لیے عمران خان کی حمایت لینے پہنچے تھے، مگر میئر بننے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔
ترجمان پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن فلسطین کی بات تو کرتے ہیں، مگر اپنے ہی سینیٹر مشتاق احمد خان کے اسرائیلی قید میں پھنسے ہونے پر خاموشی ان کے دوغلے رویے کا ثبوت ہے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عمران خان پر تنقید چھوڑیں، آپ ان کے برابر نہیں ہوسکتے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے 11 ٹاؤن چیئرمین ہیں، عوام پوچھ رہی ہے کہ اربوں روپے کے ترقیاتی بجٹ کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟ آپ کے ٹاؤن چیئرمین نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کراچی کو کھنڈر بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کے لیے الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے، وہ دراصل عوامی حمایت سے مایوس ہوچکا ہوتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کا بیان محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور میڈیا توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ قوم کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے مؤقف پر مکمل اعتماد ہے، اور عوام اچھی طرح جانتی ہے کہ کون ملک کے مفاد میں کھڑا ہے اور کون ذاتی سیاست کے لیے محاذ کھول رہا ہے۔
جاری کردہ:
میڈیا سیل، پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن