
نیویارک(4 اکتوبر 2025): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ پلان کے جواب میں حماس کا بیان حوصلہ افزا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے قطر اور مصر کی انمول ثالثی کوششوں پر بھی شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ فوری اور مستقل جنگ بندی کی جائے، تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی ہو، اور انسانی امداد کے لیے بلا روک ٹوک رسائی دی جائے۔
اقوام متحدہ مزید تکلیف سے بچنے کے لیے ان مقاصد کے حصول کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرے گی، فریقین غزہ میں جنگ ختم کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
اس کے علاوہ قطر کی جانب سے بھی حماس کے بیان کا خیر مقدم کیا گیا ہے، قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ جنگ کے خاتمے کے منصوبے پر بات چیت جاری رکھنے کے لیے ثالث مصر اور امریکا کے ساتھ رابطے شروع کردئیے۔
مصر نے کہا عرب ممالک امریکا اور یورپ کے ساتھ ملک غزہ جنگ بندی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، حماس کے ٹرمپ کے غزہ پلان پر جواب کے بعد مثبت پیشرفت کی امید ہے۔ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لا ئی جائیں گی۔
ترک صدر نے اقدام کو بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے فوری اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ کیا، برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا فوری جنگ بندی کے ساتھ قیدیوں کی رہائی ہونی چاہئے۔
جبکہ فرانسیسی صدر نے کہا امن کی جانب فیصلہ کن پیش رفت کا اب موقع ہے، امریکا اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔
