اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری

اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کرک اور اس کے مضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بونیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں مزید بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادارے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، چترال، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، تاہم ملک کے بیشتر علاقے آج گرم اور خشک رہیں گے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 5 سے 7 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ دریائے سوات، پنجکورا اور کابل کے بہاؤ میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*