وزیر اعظم کی صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے صمودغزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حراست میں لیے گئے افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرپیغام میں چالیس جہازوں پر مشتمل "صمود غزہ فلوٹیلا” پر اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ فلوٹیلا میں 44 ممالک سے تعلق رکھنے والے 450 سے زائد انسانی ہمدرد کارکن شامل تھے، جن کا مقصد صرف بے بس فلسطینی عوام کے لیے امداد پہنچانا تھا۔


ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج نے متعدد کارکنوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا ہے، اور ہم ان کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے گرفتار شدگان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کی امداد ہر صورت ضرورت مندوں تک پہنچنی چاہیے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ بربریت فوری طور پر ختم ہونی چاہیے اور امن کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

خیال رہے انسانی ہمدردی کے سب سے بڑے سمندری مشن "گلوبل صمود فلوٹیلا” پر اسرائیلی بحریہ نے دھاوا بول دیا تھا اور فلوٹیلا میں شامل متعدد کشتیوں کو قبضے میں لے لیا اور کئی کشتیوں پر واٹر کینن کا استعمال بھی کیا۔

فلوٹیلا منتظمین کے مطابق اسرائیلی فوجی بعض کشتیوں میں داخل ہو کر ان پر موجود تمام افراد کو حراست میں لے چکے ہیں، اس کارروائی کے دوران فلوٹیلا میں شامل کئی کشتیوں کی براہ راست نشریات بھی معطل ہوگئیں۔

فلوٹیلا کی کشتیوں پر پانچ سو سے زائد افراد سوار ہیں جن میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اور سویڈن کی معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*