
کراچی (کرائم رپورٹر) گلستان جوہر میں کنگز بلڈر کمپنی کے رائیڈر سے مسلح ملزمان دن دہاڑے 46 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ شہر میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتیوں اور بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر پیٹرن چیف آباد، محسن شیخانی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس پر حملے، اغوا، اسٹریٹ کرائم اور تاجروں کے گھروں و کاروباری مراکز پر فائرنگ کے متعدد واقعات رونما ہو رہے ہیں، جن میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے۔ ان کے مطابق صرف 40 فیصد متاثرین ہی وارداتوں کی رپورٹ درج کرواتے ہیں جبکہ باقی اکثریت پولیس کے ناروا سلوک کی وجہ سے خاموش رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بگڑتی صورتحال نے کاروباری طبقے کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، لہٰذا آرمی چیف اور حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ شہر میں بھتہ خوری کے واقعات کھلے عام جاری ہیں، تاجروں کو ایران کے نمبروں سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں اور متعدد کاروباری شخصیات بیرون ملک منتقل ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب جان و مال محفوظ نہیں تو کاروباری طبقہ اعتماد کے ساتھ تجارت جاری نہیں رکھ سکتا۔ محسن شیخانی نے وفاقی حکومت اور خفیہ اداروں پر زور دیا کہ کراچی کے امن و امان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ تجارتی سرگرمیاں بحال رہ سکیں۔