ملزم اجے نے چھری کے وار سے اپنی دو بھانجیوں اور بھانجے کی بیوی کو قتل کیا تھا

کراچی: ملیر کینٹ پولیس نے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں 2 بھانجیوں اور بھانجے کی اہلیہ کو قتل کرنے اور ایک بھانجی اور پڑوسی خاتون کو زخمی کرنے کے دلخراش واقعے کا مقدمہ ماموں کیخلاف درج کرلیا۔
ملیر کینٹ تھانے کے علاقے گلستان جوہربلاک 9 بھٹائی آباد گلی نمبر 30 میں ماموں اجے نے اپنی دو بھانجیوں 23 سالہ عاشی اور 22 سالہ تانیا اور بھانجے کی اہلیہ 32 سالہ مینا کو گلے پرچھری کے وار کرکے قتل جبکہ ایک بھانجی نندنی اورپڑوسی خاتون پریا کوچھری کے وارکرکے زخمی کردیا اور بعد ازاں خود کو بھی چھری مارکر زخمی کردیا تھا۔
ملیر کینٹ پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل کی جانے والی دو بہنوں کے بھائی اور مقتولہ خاتون کے شوہرشان کی مدعیت میں درج کرلیا، مقدمے میں زخمی ماموں اجے کو نامزد کیا گیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق وہ صبح ساڑھے 6 بجے کام پرچلا گیا تھا، بہن رینا نے اطلاع دی کی چھوٹی بہن نندنی کا گلا کٹ گیا ہے، اطلاع پر گھر پہنچا تو گھر میں ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا۔
کمروں میں دو بہنوں 23 سالہ عاشی اور 22 سالہ تانیا کی گلا کٹی خون آلود لاشیں پڑی ہوئی تھیں، میری بیوی 32 سالہ مینا کی لاش دوسرے کمرے میں خون آلود پڑی ہوئی تھی بیوی کی گردن کے پاس گہرے اوربائیں ہاتھ پر چھری کا زخم تھا۔
اسی دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی پولیس نے میری بیوی اور سوتیلی بہنوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیں، اسپتال میں میری سوتیلی بہن نندنی اورپڑوسن پریا پہلے سے زخمی حالت میں موجود تھیں، میری سوتیلی بہن نندنی نے مجھے بتایا کہ ماموں اجے نے ناشتا کرنے کے بعد اچانک چھری اٹھا کردوبہنوں اور میری بیوی کا گلا کاٹ کرقتل کردیا۔
مجھے بھی جان سے مارنے کیلئے میری گردن پر چھری چلائی، شور شرابے پر پڑوسن پریا ہمیں چھڑانے آئی تو ماموں نے اس پر بھی حملہ کرکے اسے زخمی کردیا، ماموں نے میری بہنوں اور بیوی کو چھری کی مدد سے قتل کرنے کے بعد خود اپنا گلا چھری سے کاٹ کرزخمی کرلیا۔
مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ میرا دعویٰ ہے کہ میرے ماموں اجے نے میری بہنوں اور بیوی کو چھری کے وار کرکے قتل اورمیری بہن اور پڑوسی خاتون کو زخمی کیا ہے لہذا ملزم کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔