
ٹائٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے سمندر کی تہہ میں جانے والے پاکستانی بزنس مین شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی وجہ سامنے آگئی۔
ٹائٹن آبدوز کے حادثے سے متعلق امریکی کوسٹ گارڈ نے رپورٹ جاری کردی جس میں آبدوز ٹائٹن کے حفاظتی معیار کو انتہائی ناقص قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں انکشاف کیاگیاکہ آبدوز کے انسپکشن میں مجرمانہ غفلت برتی گئی اور انتظامی امور میں مجرمانہ غفلت اس کی تباہی کا باعث بنی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہاگیا ہےکہ آبدوز کا ڈیزائن بنیادی طورپر ناقص تھا ،کمپنی میں احتساب ناپید تھا اور رویہ غیر منظم تھا اور یہی بات ان 5 افرادکی موت کی وجہ بنی۔
رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ سب میرین کے حفاظتی معیار پر سوال اٹھانے والے عملے کو کمپنی سے بھی برخاست کردیا گيا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار اس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اسٹوکٹن رش ‘Stockton Rush’ تھے جو خود بھی اس حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
یاد رہےکہ جون 2023 میں ٹائٹینک کے ملبے کی جانب جاتے ہوئے سمندر کی تہہ میں آبدوز پھٹنے سے پاکستانی باپ بیٹا سمیت 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
