وقوعہ پر موجود لوگوں کے بیان قلمبند کیے ہیں، پولیس

کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں جنازے کے دوران فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعے میں ان کا بیٹا زخمی ہو گیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں نماز جنازہ کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں معروف وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق خواجہ شمس الاسلام کو پیٹ میں گولی لگی، جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسجد میں نماز جنازہ کی ادائیگی کی جا رہی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا ملزم مسجد کے باہر موجود تھا اور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔ فرار ہوتے ہوئے ملزم نے کہا کہ ”میں نے اپنے باپ کا بدلہ لے لیا۔“
پولیس نے وقوعہ پر موجود افراد کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور واقعے کو ذاتی رنجش کا نتیجہ سمجھا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق خواجہ شمس الاسلام پر ماضی میں بھی فائرنگ ہو چکی ہے اور ان کے خلاف مخالفین نے مقدمہ بھی درج کرا رکھا ہے۔ شمس الاسلام اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔