فائر بریگیڈ کو پانی کی کمی کا سامنا

کراچی کے علاقے سراب گوٹھ کے قریب واقع کباڑ کے گوداموں میں بدھ کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ چند گھنٹوں کے دوران آگ نے پندرہ سے زائد اسکریپ گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جہاں بڑی مقدار میں پلاسٹک، لنڈے کے کپڑے اور دیگر قابلِ آتش اشیاء موجود تھیں۔
فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، تاہم، حکام کے مطابق عملے کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کے باعث آگ پر قابو پانے میں دشواری ہو رہی ہے۔ صورتحال کے پیشِ نظر دو اضافی واٹر ٹینکر طلب کیے گئے ہیں، جبکہ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ آگ پر جلد قابو پا لیا جائے۔
جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور امدادی کارروائیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔