راولپنڈی: تیز بہاؤ کے باوجود نالے سے گزرنے کی کوشش ناکام، باپ بیٹی گاڑی سمیت بہہ گئے

نالے میں بہہ جانے والے ایک موٹرسائیکل سوار شہری کو تلاش کرلیا گیا

راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کار سوار باپ بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق کارسواروں نے تیز بہاؤ کے باوجود گاڑی نالے سے گزارنے کی کوشش کی، مگر پانی کی تیز موجیں گاڑی کو بہا لے گئیں۔

ذرائع کے مطابق نالے میں بہہ جانے والی گاڑی کا بمپرمل گیا ہے، تاہم، بہہ جانے والے باپ بیٹی کی تلاش جاری ہے۔ ؐذکورہ کار نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز5 کے برساتی نالے میں بہہ گئی تھی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور پانی میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ نالے کے تیز بہاؤ اور پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی کے علاقے دھمیال حیال کے نالے میں بہہ جانے والے ایک موٹرسائیکل سوار شہری کو تلاش کرلیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ شخص کو نالے سے نکال کر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا، جہاں اسے فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور برساتی نالوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*