
کراچی: (قومی اخبار ) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین حسن بخشی نے لیاری میں زمین بوس ہونے والی عمارت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ متاثرین کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ بھی ناکافی ہے۔
حسن بخشی نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں موجود خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کی بحالی یا از سر نو تعمیر کے لیے آباد کے ارکان ریاستی وسائل کے بغیر بھی کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
آباد چیئرمین کے مطابق اگر حکومت تعاون کرے اور مناسب حکمت عملی اختیار کی جائے، تو نجی شعبہ شہر میں محفوظ اور معیاری رہائش کی فراہمی میں بھرپور مدد دے سکتا ہے۔
