
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی سکیورٹی گاڑی پر جوہر ٹاؤن میں ٹریفک پولیس نے کالے شیشے لگانے پر چالان کردیا۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک وارڈن نے معمول کی چیکنگ کے دوران گاڑی کو روکا اور قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی۔
ذرائع نے بتایا کہ جنید صفدر کی سکیورٹی گاڑی پر کالے شیشے لگے ہونے کے باعث چالان کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیٹےجنید صفدر کی سکیورٹی گاڑی کا چالان کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے پولیس ٹیم کے انچارج شاہ زیب، اہلکاروں پرویز،حیدر اور مجاہد کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا۔
ان کا کہنا تھاکہ قانون کی بالادستی ہی ہماری حکومت کی پہچان ہے، پورے پنجاب میں قانون کا یکساں نفاذ اور پاسداری دیکھنا چاہتی ہوں۔
