ملک کی خوشحالی،ترقی اور امن ہماری ترجیح ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی،ترقی اور امن ہماری ترجیح ہے۔

اسلام آباد میں جامع سلامتی سے متعلق 2 روزہ مذاکرے ’اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ‘ سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ خطے کو دہشتگردی، موسمیاتی تبدیلی اور غربت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں جانیں گنوائیں اور مالی نقصان اٹھایا، 2001 کے بعد ہم نے 90 ہزار بے گناہ لوگوں کی جانوں کی قربانی دی اور ہمیں 150 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان ہوا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے پرعزم ہیں، ملک کی خوشحالی،ترقی اور امن ہماری ترجیح ہے۔ مقاصد کے حصول کے لیے ملک کے اندر اور باہر امن کی ضرورت ہے۔

افغانستان میں امن سے متعلق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے افغانستا ن میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کیا، عالمی برادری کے ساتھ مل کر افغانستان کی مدد کی، افغانستان سے متعلق پاکستان نے کانفرنس منعقد کی،پاکستان نے پہلے سے افغان مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے، افغان عوام کی مدد کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، یوکرین کے بحران کے باعث افغان عوام کو نہ بھلایا جائے۔

بھارت سے متعلق آرمی چیف نے کہا کہ ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مزاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان بھارت کےساتھ آبی تنازع سمیت دیگر معاملات کے حل کا خواہاں ہے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی طرف سے میزائل کا گرنا انتہائی تشویش کا باعث ہے، پاکستان نے بھارت کے میزائل گرنے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سب کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہے اور کسی کیمپ سیاست پر یقین نہیں رکھتا، ہم کسی بھی معاملے کو حل کرنے کے لیے مزاکرات پر یقین رکھتے ہیں، ہم روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*