
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بجٹ کے بعد بحریہ آئیکون ٹاور کراچی اور مال آف اسلام آباد کی نیلامی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹی پر 26 ارب روپے سے زائد ٹیکسز کے بقایا جات ہیں۔
دونوں پراپرٹیز کی نیلامی 19 جون کو ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئر آفس، اسلام آباد میں ہوگی۔ یہ نیلامی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور 2002 کے ٹیکس ڈیفالٹ ایکٹ کے تحت کی جائے گی۔
دوسری جانب، نیشنل اکاؤنٹیبلیٹی بیورو (نیب) نے 15 اپریل کو بحریہ ٹاؤن کراچی کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر سخت کارروائی کرتے ہوئے 16 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے۔
نیب نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سرکاری زمین کے 16 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر غیر قانونی قبضہ کر کے اربوں روپے کی آمدنی حاصل کی ہے۔
نیب کے مطابق 25 ارب روپے منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں اور بحریہ ٹاؤن کراچی کی تجارتی سرگرمیاں بھی روک دی گئی ہیں۔