
پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا، پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک ایرینا میں پاکستان کی جانب سے میگا ایونٹ کا پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کرایا جبکہ دوسرے اینڈ سے دوسرا اوور نسیم شاہ نے کیا۔
پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری، ڈیون کونوے کو 10 رنز پر ابرار حمد نے بولڈ کیا۔
نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 40 رنز پر گری، کین ولیمسن کو ایک رن بنا کر نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ دوسری اننگز میں یہاں اوس پڑتی ہے، فاسٹ بولر حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں اس لیے تھوڑا دباؤ ہوگا۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے رات میں اوس ہوگی۔
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کے لیے فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔
ٹریفک پلان
کراچی میں آج اور دیگر میچز کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا جبکہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں گاڑی پارک کریں گے۔
کارساز سے آنے والے شہری فلائی اوور کے نیچے سے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ پہنچیں گے۔ ہیوی ٹریفک سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10سے حسن اسکوائر جاسکے گی جبکہ پیپلز چورنگی سے آنے والی ہیوی ٹریفک یونیورسٹی روڈ جاسکے گی۔
کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل ”جیو سوپر“ سے ایونٹ کے تمام میچز براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔