![](https://i0.wp.com/qaumiakhbar.com/wp-content/uploads/2025/01/0_1097cc41-152a-4f2c-accf-f39f14a9794b-1.jpg?resize=792%2C397&ssl=1)
خواجہ آصف کی اخباری کانفرنس اور نیب کے اس اعلان سے لگتا ہے کہ حکومت بحریہ ٹاؤن کے خلاف کارروائی کا ارادہ کرچکی ہے
پاکستان میں بدعنوانی کے خاتمے کے ادارے قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متاثرہ عوام سے نیب کے پاس شکایات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
قومی اخبارات میں ہفتے کو شائع کیے جانے والے نیب کراچی نے ایک اشتہار میں لوگوں سے ڈاک کے ذریعے یہ شکایات ارسال کرنے کو کہا ہے۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ نیب کراچی بحریہ ٹاؤن کراچی کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف عوام کو دھوکہ دہی کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اعلان میں کہا گیا کہ ’اگر آپ فراڈ / چیٹنگ سے متاثر ہیں تو آپ سے درخواست ہے کہ اپنی شکایات / دعوے ڈاک، ای میل یا پھر ویب سائٹ پر فارم کے ذریعے نیب کراچی کو اس اشتہار کی اشاعت کے 30 روز کے اندر بھیجیں۔‘
یہ کارروائی ایک روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں کے بعد شروع ہوئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ریاست نے پراپرٹی ٹائیکون اور بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہے تو وہ وقت چلا گیا، اب ریاست ان پر ہاتھ ڈالے گی۔‘
نیب نے اشتہار میں متاثرین کو ہدایات دیتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ اپنی طرح کے دیگر متاثرین کو بھی ان تحقیقات سے آگاہ کریں تاکہ ’آپ کا موقف/مقدمہ مضبوط ہو۔‘ ان کی سہولت کے لیے نیب افسر حماد کمال کا نام، عہدہ اور رابطے کے نمبر بھی دیئے گئے ہیں۔ اس اعلان کے 30 روز بعد موصول ہونے والی شکایات پر نیب نے کارروائی نہ کرنے کا بھی کہا ہے۔
خواجہ آصف کی اخباری کانفرنس اور نیب کے اس اعلان سے لگتا ہے کہ حکومت بحریہ ٹاؤن کے خلاف کارروائی کا ارادہ کرچکی ہے۔ تاہم نیب کراچی کے اس تازہ اقدام پر بحریہ ٹاؤن کا ردعمل ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔