سندھ ہاؤس حملہ، SHO کا مقدمے کی درخواست وصول کرنے سے انکار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع سندھ ہاؤس میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کے خلاف سندھ ہاؤس کی انتظامیہ اور رکنِ قومی اسمبلی عبدالقادر مندوخیل تھانہ سیکریٹریٹ پہنچ گئے، تاہم ایس ایچ او نے درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

شرجیل میمن نے کیا کہا؟
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ ہاؤس پر حملے کے ذمے داران کے خلاف مقدمے کی درخواست دی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ نے مقدمے کی درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

سندھ ہاؤس پر PTI کارکنوں کا دھاوا
واضح رہے کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔پی ٹی آئی کارکنان نے ہاتھوں میں لوٹے اورڈنڈے اٹھا رکھے تھے، انہوں نے منحرف ارکان اور حزبِ اختلاف کے خلاف جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی جس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کی۔

PTI کارکنوں کی پولیس سے تلخ کلامی
اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سے تلخ کلامی کی اور سندھ ہاؤس کے باہر سے واپس جانے سے انکار کر دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اراکین اپنی سیٹوں سے استعفیٰ دیں۔

اس دوران پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہو گئے جو سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور نعرے بازی کی۔

2 ارکانِ قومی اسمبلی سمیت 12 افراد گرفتار و رہا
پولیس نے تحریکِ انصاف کے 2 ارکانِ قومی اسمبلی فہیم خان اور عطاء اللّٰہ نیازی سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا جنہیں بعد ازاں شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

PTI کے دیگر شہروں میں مظاہرے
دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنوں نے پشاور، لاہور، فیصل آباد اور نارووال میں بھی منحرف ارکانِ قومی اسمبلی کے خلاف مظاہرے کیے۔

’’یہ ٹریلر ہے، فلم ابھی باقی ہے‘‘

سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی رکنِ قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا ہے کہ یہ ٹریلر ہے، فلم ابھی باقی ہے۔

فواد چوہدری نے کیا کہا؟واقعے پر وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس کو نیا چھانگا مانگا بنائیں گے تو عوام کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ لوٹوں کو کہیں اور شفٹ کر لیں ورنہ پورا مہینہ تماشہ لگا رہے گا، ہم کس کس کو روکیں گے۔

’’نہ کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ کوئی بیچ رہا ہے‘‘

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ یہ عدم اعتماد کی پہلی تحریک ہے جس میں نہ کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ کوئی ووٹ بیچ رہا ہے، یہ محض پروپیگنڈا ہے۔

انہوں نے اپیل کی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں جلسے ملتوی کر دیں، کوئی مرگیا یا مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*