عدالت نے لسبیلہ سے گارڈن ویسٹ تک سڑکوں پر قائم تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا
کراچی کی 11 سڑکوں پر عدالتی حکم کے باوجود تجاوزات کیخلاف آپریشن نہ ہو سکا۔
سندھ ہائیکورٹ نے لسبیلہ سے گارڈن ویسٹ تک سڑکوں پر تجاوزات کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اینٹی انکروچمنٹ و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔
ہائیکورٹ میں لسبیلہ سے گارڈن ویسٹ تک سڑکوں پر تجاوزات کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار وکیل نے موقف دیا کہ 2022 میں عدالت نے درخواست پر تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود گیارہ سڑکوں پر تجاوزات اب بھی قائم ہیں۔
اسلام گنج اسٹریٹ گارڈن تا لیاری ایکسپریس وے، اسلام گنج اسٹریٹ نشتر روڈ، رام نگر اسٹریٹ، کاشان حیدر اسٹریٹ، الفرید، مرزا اور جیو راج اسٹریٹ پر تجاوزات نہیں ہٹائے گئے، یوسف ملک اور ٹھارو لائن پر بھی تجاوزات قائم ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور اینٹی انکروچمنٹ سیل عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔ عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اینٹی انکروچمنٹ ودیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔