کپتان محمد رضوان کی جگہ کپتانی کے فرائض کون سر انجام دے گا
آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کے لیے پاکستان ٹیم کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا، کپتان محمد رضوان تیسرے اور آخری میچ میں آرام کریں گے جبکہ نائب کپتان سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کے لیے پلینگ الیون کا اعلان کردیا گیا، آخری میچ کے لیے پاکستان ٹیم کی پلینگ الیون میں 2 تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا، جہانداد خان قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کریں گے اور محمد رضوان کی جگہ حسیب اللہ کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کے لیے کپتان محمد رضوان کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ نائب کپتان سلمان علی آغا پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان ٹیم
پاکستان ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، بابر اعظم، عثمان خان، محمد عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، جہانداد خان اور صفیان مقیم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی20 میچ بارش سے متاثر ہوگیا تھا جس کے باعث میچ (7 اوورز فی اننگز) تک محدود کردیا گیا تھا جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے پاکستان ٹیم کو 13 رنز سے شکست دی تھی، قومی ٹیم 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 134 رنز پر پویلین لوٹ گئی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ اور سلو بیٹنگ شکست کا سبب بنی۔
سابق کپتان بابر اعظم کی کار کردگی بدستور خراب ہے تاہم کپتان رضوان پر امید ہیں کہ تیسرے میچ میں جیت پاکستان کی ہوگی جبکہ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
اس سے قبل محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی تاہم ٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم پر وائٹ واش کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دوسرے ٹی 20 میں حارث رؤف نے اہم سنگ میل عبور کیا، میچ میں 4 وکٹیں لینے والے حارث رؤف مشترکہ طور پر پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
حارث رؤف نے 72 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 107 وکٹیں لی ہیں جبکہ شاداب خان بھی 96 میچز میں 107 وکٹیں لے چکے ہیں۔