کراچی: گرین لائن بسوں میں کوئی ماسک پہننے کو تیار نہیں

کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی سرِ عام خلاف ورزی کی جا رہی ہے، گرین لائن بسوں میں سفر کرنے والوں میں سے اکثر ماسک تک پہننے کو تیار نہیں۔

کراچی کی انتظامیہ کورونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندیوں پر عمل میں سنجیدہ نہیں، لاک ڈاؤن اعلانات تک محدود رہ گیا۔

شہرِ قائد کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد کے قریب ہو گئی۔

ادھر راول پنڈی میں کورونا کیسز سامنے آنے پر مزید 6 اسکول اور 3 کالجز 3 فروری تک سیل کر دیے گئے۔

پشاور میں کورونا کیسز میں اضافے پر خیبر گرلز میڈیکل کالج سمیت 5 تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی سمیت ملک بھر کے ایئر پورٹس کے لیے احکامات جاری کر دیے، جن کے تحت ایئر پورٹس پر تعینات ایئر لائنز اور دیگر اداروں کے عملے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ  مسافروں کو بھی ماسک کے بغیر ایئر پورٹ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 اعشاریہ 17 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 196 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 15 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید 1 ہزار 453 مریض شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 137 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 86 ہزار 348 ہو چکی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*