
عالمی مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا ہے کہ ممبئی کو مسلمان کنٹرول کر رہے ہیں، حکومت پاکستان کی دعوت پر پہلی بار پاکستان آیا ہوں۔
گورنر ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ خوشی ہورہی ہے پاکستان کی سرزمین پر ہوں، میری بڑی خواہش تھی پاکستان آؤں۔
ذاکر نائیک نے کہا کہ میرے نزدیک میڈیا سب سے خطرناک اہم ہتھیار ہے، میڈیا کالے کو سفید اور ہیرو کو ولن بنا سکتا ہے، بین الاقوامی میڈیا میں اسلام کے خلاف پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تفریحی میڈیا میں ماہر ہیں، میڈیا میں مسلمان کمزور ہے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اعزاز میں تقریب رکھی گئی، جس میں غیرملکی قونصل جنرل، تاجر برادری، علماء کرام نے شرکت کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ صوفیا کرام کی دھرتی ہے، ہم امن، دوستی اور بھائی چارگی کا پیغام بھارت کو دینا چاہتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ بھارت کو بتانا چاہتے ہیں آپ امن کا پیغام دینے والوں کو نکال دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے اور اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ان دنوں ڈاکٹر ذاکر نائیک 10 دن کے دورے پر کراچی میں موجود ہیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک کی 7 سے 10 اکتوبر تک نجی ملاقاتیں طے ہیں اور 11 اکتوبر کی صبح وہ کراچی سے لاہور روانہ ہوجائیں گے۔