فلم ‘پشپا: دی رائز’ کی کامیابی کے بعد ساؤتھ کے سپر اسٹار اللو ارجن کو کئی بڑی فلموں کے آفرز مل رہے ہیں جن میں سے ایک لائکا پروڈکشن ہے۔
رپورٹ کے مطابق لائکا نے اپنے اگلے پروجیکٹ کے لیے اللو ارجن سے رابطہ کیا ہے اور اس کے لیے انہیں 100 کروڑ روپے (یعنی 2 ارب 35 کروڑ روپے پاکستانی) کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ لائکا پروڈکشن کی اس فلم کو ایٹلی ڈائریکٹ کریں گے۔
فی الحال اس فلم کے نام کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپر اسٹار اللو ارجن بھی فلم ‘پشپا 2’ میں نظر آئیں گے۔ حال ہی میں منیش شاہ نے ایک انٹرویو میں فلم کی ریلیز کی تاریخ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘پشپا 2- دی رول’ کی شوٹنگ اس سال مارچ یا اپریل میں شروع ہوگی۔
‘پشپا 2’ اس سال ریلیز نہیں ہو سکے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس طویل فلم کی شوٹنگ میں تقریباً 250 دن کا وقت لگے گا ۔ ‘پشپا’ کے پہلے حصے کی شوٹنگ 210 دن تک جاری رہی۔ اگر درمیان میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہوتا ہے یا کوئی اور مسئلہ آتا ہے تو فلم کی ریلیز میں وقت لگ سکتا ہے۔ فلم کے سال 2023 تک ریلیز ہونے کی امید ہے۔