وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر پابندی غیر اعلانیہ نہیں۔ پابندی قومی سلامتی کی وجہ سے ہے، آزادی اظہار رائے روکنےکی کوشش نہیں۔
نیو یارک میں امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا ایپ پر پابندی عبوری حکومت کے دوران عائد کی گئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ علیحدگی پسند اور دہشتگرد گروپ سوشل ایپ کو ملک کیخلاف استعمال کر رہے ہیں، دہشتگرد سوشل میڈیا پر دہشتگردی کی سرگرمیوں کی لائیو کوریج چلاتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سوشل ایپ پر پابندی کا معاملہ عدالت میں ہے، وزارت داخلہ نے اپنا جواب جمع کرایا ہے۔ سوشل میڈیا کیلئے ملک میں کوئی نہ کوئی نظام موجود ہونا چاہیے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ویب منیجمنٹ سسٹم کے تحت سائبر سیکیورٹی یقینی بنانے میں کوئی حرج نہیں۔ ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے بارے میں کابینہ میں ایک قانون آیا تھا، کابینہ نے موخر کر دیا۔
انھوں نے کہا کابینہ نے اس قانون کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ کرنے کی ہدایت کی، بطور سیاسی کارکن کہوں گا کہ ایکس کھلنا چاہیے۔