کراچی میں رینجرز نے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے پیش نظر مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق آسٹر یلیا کر کٹ ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے کراچی کے مختلف علاقوں نیشنل اسٹیدیم، گوہرآباد، پی آئی بی کالونی اور ملحقہ علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔
ترجمان نےبتایا کہ جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ، شارع فیصل، پی آئی بی کالونی اورکارساز روڈ کے علاقوں میں بھی رینجرز نے اسنیپ چیکنگ اور سرچ آپریشن کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن علاقے میں موجود کسی بھی جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے کے لیے کیا جس میں رینجرز کا موٹر سائیکل اسکواڈ اور النساء فورس بھی شریک تھی۔
آپریشن کے دوران مخصوص گلیوں کی ناکہ بندی کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی، مشتبہ افراد کا بائیو میٹرک ویری فکیشن کے ذریعے کرمنل ریکارڈ چیک کیا گیا جب کہ آپریشن میں داخلی و خارجی راستوں سے آنے جانے والے تمام افراد اور گاڑیوں کی گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔
واضح رہےکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 12 مارچ سے شروع ہوگا۔