کراچی: حکومت سندھ نے کراچی شہر سے بس اڈوں کو باہر منتقل کرنے اور مسافروں کو مفت شٹل سروس دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے بس اڈوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مسافروں کے لیے پرانے بس اڈوں سے مفت میں شٹل سروس چلائی جا رہی ہے، مسافروں کو ٹرمینل تک پہنچانے کے لیے مفت شٹل سروس 14 اگست سے شروع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہیوی گاڑیوں کی وجہ سے کراچی کی شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سڑکوں پر بھی دباؤ بڑھتا ہے لہٰذا تمام بس اڈوں کو کراچی شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے، بس ٹرمینل میں مسافروں کے لیے مزید جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سینیئر وزیر نے ہدایت کی کہ کوشش کی جائے کہ کراچی کے شہریوں اور مسافروں کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں، ایسے اقدامات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹرانسپورٹرز کو بھی نقصان نہ ہو اور مسافروں کو بھی ریلیف مل سکے، مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کراچی بس ٹرمینل پر پولیس کی چیک پوسٹ بھی بنائی جا رہی ہے