عالمی آئیکون سے ملا تو مکمل طور پر ’اسٹار اسٹرک‘ تھا، جان سینا

ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن اور ہالی وڈ اداکار جان سینا کا کہنا ہے کہ اننت امبانی کی شادی میں سُپر اسٹار شاہ رخ خان سے ملاقات نے میری زندگی بدل ڈالی۔
خیال رہے کہ ماہِ جولائی کے وسط میں ایشیا کی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی گرینڈ شادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر سے مشہور و معروف شخصیات نے شرکت کی۔

اس شادی کا ہنگامہ رواں برس مارچ سے ہی ہر جانب مچا ہوا تھا، بالآخر بےتحاشہ تقریبات اور رسومات کے بعد اننت اور رادھیکا کی 12 جولائی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
اننت امبانی کی شادی کو دورِ جدید میں بھارت کی سب سے مہنگی اور عالیشان شادی قرار دیا گیا۔ اننت امبانی کی شادی میں غیر ملکی اہم شخصیات کو بھارت لانے کے لیے 100 پرائیویٹ جیٹ طیاروں کا استعمال کیا گیا۔

اس شادی میں معروف شخصیات نے خوب انجوائے کیا، کسی نے اپنی پسندیدہ سیلیبریٹیز کے ساتھ فوٹو سیشن کروایا اور سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا تو کسی نے اننت اور رادھیکا کو شادی کی مبارکباد دینے کے لیے کچھ ان دیکھی تصاویر جاری کیں۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کے ‘شبھ ویواہ’ میں شرکت کرنے والے جان سینا نے بھارت سے رخصت ہونے کے بعد شاہ رخ خان کی تعریف پر مبنی ایک پوسٹ شیئر کی تھی جو خوب وائرل ہوئی تھی۔

اب شاہ رخ خان سے ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جان سینا نے کہا کہ جب وہ عالمی آئیکون سے ملے تو مکمل طور پر ’اسٹار اسٹرک‘ تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ کے ایک ٹیڈ ٹاک نے میری زندگی بدل دی، ان کے الفاظ میرے لیے متاثر کُن تھے جو میری زندگی میں بڑی تبدیلی کی وجہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی باتوں سے میں جو کچھ بھی سیکھا ہے اسے میں اپنی زندگی میں استعمال کرنے کی کوشش کروں گا اور سخت محنت کر کے بہت کچھ حاصل کروں گا۔
شاہ رخ خان سے حالیہ ملاقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے جان سینا نے کہا کہ یہ ایک لازوال اور یادگار ملاقات تھی، ان سے ملاقات کرنا، ہاتھ ملانا بلاشبہ میرے لیے ایک جذباتی لمحہ تھا۔